بنگلورو، 26دسمبر(ایس او نیوز؍یو این آئی) ریاستی کانگریس صدر دنیش گنڈو راؤ نے بی جے پی لیڈر امیش کتی کو چیلنج کیا ہے کہ وہ 24گھنٹے میں ریاست کی کانگریس جے ڈی ایس اتحاد حکومت کو گراکر دکھائیں یا سیاست چھوڑ دیں۔مسٹر راؤ نے چہارشنبے کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کتی کے اس بیان پر سخت اعتراض کیا، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ کابینہ میں جگہ نہیں ملنے سے ناراض کانگریس کے پندرہ ممبران اسمبلی بی جے پی کے رابطے میں ہیں اور اتحادی حکومت اگلے 24گھنٹے میں گر جائے گی۔انہوں نے کہا ‘‘ بی جے پی لیڈر مایوسی میں جھوٹے دعوے کررہے ہیں ۔اگر اتحاد ی حکومت کے گرانے کا دعویٰ غلط ثابت ہوتا ہے تومسٹرکتی سیاست چھوڑ دیں گے ؟’’انہوں نے گذشتہ ہفتے کو حلف لینے والے آٹھ وزیروں کی وزارت کے سلسلے میں تعطل کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا‘‘ اس معاملے پرکوئی غلط فہمی نہیں ہے ۔ پارٹی جنرل سکریٹری اور ریاستی امور کے انچارج کے سی وینو گوپال نے اس معاملے پر پارٹی کے سینئر لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کی ہے اور وزارتوں کی تقسیم کرنے میں شمالی کرناٹک کوترجیح دی جائے گی۔